سانحہ گل پلازہ، جاں بحق افراد کے 61 خاندانوں کو فی کیس 1 کروڑ روپے معاوضہ ،11 کیسز پر فیصلہ ہونا باقی

باقی کیسز مختلف مراحل میں ہیں۔3 متاثرین کی بیواؤں کے قومی شناختی کارڈ  نادرا میں آخری مراحل میں ہیں، کمشنر کراچی

               
April 1, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ، گل پلازہ آتشزدگی کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی اور متاثرہ تاجروں کو مالی امداد کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا  گیا۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ حکومت سندھ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کے لیے 850 ملین روپے مختص کیے ہیں جس کے تحت فی جاں بحق فرد 10 ملین روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 72 متاثرین میں سے 61 خاندانوں کو چیک کے ذریعے ان کی رہائش گاہوں پر صوبائی وزرا کے ذریعے ادائیگی کر دی گئی ہے۔

کمشنر کراچی حسن نقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ باقی کیسز مختلف مراحل میں ہیں۔3 متاثرین کی بیواؤں کے قومی شناختی کارڈ  نادرا میں آخری مراحل میں ہیں، جبکہ 4  کیسز میں خاندانی بیانات میں تضادات کے باعث مزید تصدیق درکار ہے جس کے لیے بلوچستان اور آزاد کشمیر میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مزید یہ کہ پولیس ریکارڈ کے مطابق 4  لاشیں تاحال لاوارث ہیں۔

متاثرہ تاجروں کے لیے مالی امداد کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ 600 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے فراہم کردہ تصدیق شدہ ڈیٹا کی بنیاد پر ہر دکاندار کو 5 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر قائم کمیٹی نے دکانوں کی ملکیت اور نقصانات کی تصدیق کی اور اب تک 843 دکانداروں کو کے سی سی آئی دفتر میں چیکس کے ذریعے ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بعض کیسز میں ایک ہی فرد یا کاروباری ادارے کی متعدد دکانوں کی ملکیت کے باعث پیچیدگیاں سامنے آئی ہیں جبکہ دکانوں کی مجموعی تعداد میں بھی فرق پایا گیا ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں 1,184 دکانیں ظاہر کی گئی تھیں جبکہ کے سی سی آئی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد 1,209 ہے۔ باقی کیسز میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ تصدیقی عمل کو تیز کیا جائے اور تمام حقدار افراد کو بلاتاخیرمعاوضہ فراہم کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام امدادی اقدامات مکمل شفافیت اور جوابدہی کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے تاکہ اس افسوسناک واقعے کے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو گل پلازہ کی ازسرنو تعمیر کے لیے تفصیلی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ مارکیٹ کو گرا کر نئی تعمیر شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔