صوبائی وزیر تعلیم نے جمعہ کو آن لائن کلاسز کی اجازت دے دی
سوموار سے جمعرات تک اسکول صبح 8 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کھلے رہیں گے
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر کے اسکولز، کالجز اور جامعات کو جمعہ کے روز آن لائن کلاسز لینے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد موجودہ حالات میں تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے، جس سے تدریس ہفتے میں چار دن ہوگی۔ جمعے کی چھٹی سرکاری اور پرائیویٹ اسکولز دونوں پر لاگو ہوگی۔
سوموار سے جمعرات تک اسکول صبح 8 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کھلے رہیں گے۔ ڈبل شفٹ والے اسکول صبح 8 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک پہلی شفٹ مکمل کریں گے
جبکہ دوسری شفٹ دوپہر 1 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہوگی۔ دوپہر والے اسکولوں میں تدریس دن 1 بجے سے ساڑھے 5 بجے تک ہوگی۔
یہ نوٹیفکیشن طلبا، اساتذہ اور والدین کے تعاون کو سراہتے ہوئے تعلیمی عمل کو مستحکم رکھنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔