کراچی میں موسلادھار بارش، کئی سڑکیں تالاب بن گئیں ،حادثات میں 5 افراد جاں بحق

شہر میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں اربن فلڈںگ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

               

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے کئی سڑکیں تالاب بن گئیں، اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی، تیز ہوائوں سے درخت زمین سے اکھڑ گئے جبکہ مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے ۔

سسٹم کے زیر اثر ڈیفنس، کورنگی، قیوم آباد، صدر، کیماڑی، کلفٹن، شارع فیصل، ملیر، گلستان جوہر، طارق روڈ، گلشن اقبال، میٹ کمپلیکس، بلدیہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔

شہر میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں اربن فلڈںگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث شارع فیصل پر درجنوں گاڑیاں پھنسی رہیں۔

نیپا چورنگی، لیاقت آباد 10 نمبر، گلشن چورنگی، جیل چورنگی اور گرومندر پر پانی جمع ہوگیا جبکہ شارع فیصل کے کئی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ یونیورسٹی روڈ پر بھی برساتی پانی جمع ہوگیا۔

پرانا گولیمار بسم اللہ ہوٹل کے قریب گھر کی دیوار رکشے پر گرنے سے رکشہ ڈرائیور ارشاد ولد رفیق علی جاں بحق، اورنگی ٹاؤن اجتماع گاہ مدینہ ہوٹل کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے زخمی ہو گئے۔

بچوں کی شناخت 13 سالہ قاسم ولد عبدالحمید، 14 سالہ امیر معاویہ ولد شفیق الرحمان، 7 سالہ رحمان ولد شاہ نواز کے نام سے ہوئی۔

پی آئی بی کالونی کوئٹہ ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے عبدالولی ولد عبدالباری جاں بحق، نیو کراچی حسن بروہی گوٹھ بشیر چوک کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 23 سالہ سرتاج جاں بحق ہو گیا۔

ایم اے جناح روڈ سیون ڈے کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی، سپرہائی وے احسن آباد میں کرنٹ لگنے سے شہاب الدین ولد نظر الدین جاں بحق ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو بھی کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش ہونے کی توقع ہے، نیا سسٹم 4 اپریل تک برقرار رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوائیں 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث موسم میں خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب فضائی معیار میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور شہر کا اے کیو آئی آج نسبتاً بہتر سطح پر ہے، جس سے شہریوں کو کچھ حد تک ریلیف ملا ہے۔