پٹرولیم قیمتوں اور توانائی بحران پر وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس
اجلاس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں توانائی کے ممکنہ بحران پر تفصیلی غور کیا گیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم بحران اور توانائی سے متعلق اہم امور پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔
اجلاس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں توانائی کے ممکنہ بحران پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ حکومت کی جانب سے کفایت شعاری اور توانائی بچت کے مختلف اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم فیصلوں پر غور کیا گیا، جس میں صوبوں سے سبسڈی میں حصہ ڈالنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔
اس کے علاوہ قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا بوجھ صارفین تک منتقل کرنے کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے حالیہ دورہ چین پر شرکاء کو آگاہ کیا اور ایران و امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات میں پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیراعظم آزاد کشمیر بھی شریک ہوئے،
جبکہ اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔