امریکہ کے پاس مذاکرات کا آپشن لیکن اسرائیل کے لیے مشرق وسطیٰ گہری دلدل
نوماہ قبل، ایران کے خلاف جنگ کے بعد، نیتن یاہو نے قوم کو بتایا تھا کہ انہوں نے تاریخی فتح حاصل کی ہے
مشرق وسطیٰ میں عسکری تصادم کی پالیسی نے اسرائیل کو گہری دلد ل میں دھکیل دیاہے۔ برطانوی میڈیاکی ایک رپورٹ میں کہا گیاہے کہ ایران سے جنگ نے اب تک اسرائیل کے کسی بھی علاقائی تنازع کو اس طرح حل نہیں کیا جس طرح اس کے وزیر اعظم نے سوچا تھا۔چنانچہ جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں مشترکہ جارحیت کو ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں، وہیں اسرائیلی افواج اب بھی غزہ اور شام میں زمین پر قابض ہیں، اور ان کے وزیر دفاع کی جانب سے نئی ہدایات ملی ہیں کہ جنوبی لبنان کے ایک بڑے حصے کو ایران کے اتحادی حزب اللہ کے خلاف بفر زون (حفاظتی علاقہ) کے طور پر قبضے میں لیا جائے۔
گزشتہ ڈھائی سال سے، بنجمن نیتن یاہو نے اپنے ملک کو ایران اور اس کے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ ایک مسلسل جاری تنازع میں مبتلا کر رکھا ہے، اور ہر بار یہ وعدہ کیا کہ اگلی جنگ اسرائیل کی سلامتی کو بحال کرے گی اور اس کے دشمنوں کو شکست دے گی۔صرف نو ماہ قبل، ایران کے خلاف جنگ کے بعد، نیتن یاہو نے قوم کو بتایا تھا کہ انہوں نے ایک ایسی تاریخی فتح حاصل کی ہے جو نسلوں تک یاد رکھی جائے گی، اور ایران کے جوہری ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائلوں کو ختم کر دیا ہے۔ہرنئے تنازع کے ساتھ فوری فتح کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود، بہت سے اسرائیلیوں کے لیے حقیقت ایک نئی دائمی جنگ (Perma-war) کی صورت میں ہے۔
اسرائیل کی سیاسی تجزیہ نگار ڈاہلیا شینڈلن کہتی ہیں کہ حزب اللہ، حماس اور ایران کو تباہ کرنے کے شاندار وعدے پورے نہیں ہو رہے۔مسئلہ یہ ہے کہ کوئی بھی سیاسی اپوزیشن لیڈر کچھ بالکل مختلف نہیں کہہ رہا: جیسے کہ سفارت کاری کو آگے بڑھانا، خطے میں ریاستوں کو مضبوط کرنا، عرب ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کرنا، یا فلسطینی مسئلے کو حل کرناکوئی بھی یہ آپشن پیش نہیں کر رہا۔
اسرائیل کے سابق قومی سلامتی کے مشیر، تساحی ہنیگبی (Tzachi Hanegbi)کے مطابق،امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر سکتا ہے، لیکن اسرائیل کا واحد آپشن فوجی کارروائی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ کسی بھی معاملے پر معاہدہ نہیں کر سکتے، کیونکہ وہ ہمارے وجود ہی کو تسلیم نہیں کرتے۔ ہمارا مکالمہ صرف میزائلوں کے ذریعے ہوتا ہے، یا جو کچھ وہ کرتے ہیں اور ہم کرتے ہیں۔
اسرائیل ڈیموکریسی انسٹی ٹیوٹ کے ایک سروے کے مطابق، یہودی اسرائیلیوں میں جنگ کے لیے حمایت کا ابتدائی تخمینہ 90 فیصد سے زیادہ تھا۔ تب سے، اس میں تقریباً 20 پوائنٹس کی کمی آئی ہے۔
اسرائیل کی سلامتی بنجمن نیتن یاہو کے لیے ان کی اقتدار کی دہائیوں کے دوران ایک سیاسی حربہ رہی ہے۔ ایران میں جنگ کے ابتدائی دنوں میں، انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ اور اس کے اندر اپنی طاقت کو پہلے ہی بدل چکا ہے، لیکن مہم کے ایک ماہ سے زیادہ وقت گزرنے کے بعد بھی تہران کی حکومت اقتدار میں ہے، اسرائیل پر اب بھی میزائل داغ رہی ہے، اور اب بھی اعلیٰ افزودہ یورینیم کے ذخیرے پر قابض ہےجو ماہرین کے مطابق، اگر مزید بہتر کیا جائے تو تقریباً ایک درجن ایٹمی بم بنانے کے لیے کافی ہے۔
تساحی ہنیگبی کا کہنا ہے کہ اسرائیل حزب اللہ جیسے علاقائی دشمنوں کے ساتھ اپنا براہ راست ٹکراؤ جاری رکھے گا، چاہے واشنگٹن ایران میں فوجی کارروائی ختم کرنے پر مجبور ہی کیوں نہ کرے۔ ہو سکتا ہے ڈونلڈ ٹرمپ یہ فیصلہ کریں کہ اب جوہری صلاحیتوں سے متعلق مزید کوئی اہداف باقی نہیں رہے اور وہ کسی قسم کی جنگ بندی چاہیں، وہ جو بھی کریں گے، ہم اسے قبول کریں گے۔ لیکن ہم لبنان میں آگے بڑھیں گے۔ ہم یہ جاری رکھیں گے، اور مجھے یقین ہے کہ امریکہ ہمیں نہ نہیں کہے گا۔
ایران کے ساتھ جنگ میں شامل ہونے کے حزب اللہ کے فیصلے نے وہاں اسرائیل کے لیے مکمل تصادم کی واپسی کی راہ ہموار کی، غزہ تعطل کا شکار ہے، جہاں استحکام اور تعمیر نو کی جانب پیش رفت اس تنازع کی وجہ سے رکی ہوئی ہے کہ حماس کو کب اور کیسے غیر مسلح ہونا چاہیے اور اسرائیلی افواج کب پیچھے ہٹیں گی۔
ایران میں بھرپور جنگ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے ساتھ ساتھ کئی محاذوں پر فوجی موجودگی برقرار رکھنا، اسرائیل کی آبادی پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے۔
لازمی فوجی سروس کا مطلب ہے کہ زیادہ تر اسرائیلی خاندان براہ راست جاری جنگ کے خطرات سے دوچار ہیں، اور خطے میں وسیع ہوتے ہوئے فوجی قدموں نے لاکھوں ریزرو فوجیوں کو کال اپ لسٹوں (طلبی کی فہرستوں) میں ڈال دیا ہے۔ کچھ ریزرو فوجی 2023 کے حماس کے حملوں کے بعد سے اب تک پانچ یا اس سے زیادہ بار ڈیوٹی دے چکے ہیں، اور ایسی غیر مصدقہ اطلاعات بھی ہیں کہ کچھ نے دوبارہ سروس دینے سے انکار کر دیا ہے۔
دفاعی بجٹ اب 45 بلین ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، اور اسرائیلیوں میں لامتناہی جنگ کی خواہش بہت کم ہے، لیکن ان تنازعات کے حل کے بغیر جنہیںوجود کا خطرہ سمجھا جاتا ہے، اسرائیل کی دفاعی پالیسیاں مسلسل پیسے، نفری اور گولہ بارود کا تقاضا کر رہی ہیں۔
ایران میں جنگ کو اسرائیل کے لیے خطرات سے نمٹنے کے ایک موقع کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔لیکن اسرائیل کی دیگر جنگوں سے ملنے والے سبق بتاتے ہیں کہ محض فوجی طاقت ہی کافی نہیں ہو سکتی۔