واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ، بیرسٹر گوہر کا دوستوں کی رقم واپس کرنے کا اعلان

رپورٹ درج کرانے کے بعد حکام نے فوری کارروائی کی اور اکاؤنٹ ریکور کرنے میں بھرپور مدد کی، صحافیوں سے گفتگو

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد ہیکرز نے ان کے قریبی دوستوں سے لاکھوں روپے ہتھیا لیے گئے ہیں۔

جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ان کا اکاؤنٹ بحال ہو چکا ہے، تاہم ہیکنگ کے دوران ان کے ایک قریبی ساتھی، یاسر ایڈووکیٹ، اس دھوکہ دہی کا شکار ہوئے۔ ہیکرز نے یاسر ایڈووکیٹ کو میسج کیا، جنہوں نے اپنی بیٹی کے ذریعے رقم منتقل کروائی۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق ہیکرز نے دو مختلف اکاؤنٹس میں رقم منگوائی،ایک اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے منتقل کیے گئے۔دوسرے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ روپے بھیجے گئے۔ مجموعی طور پر 5 لاکھ روپے کی رقم محمد بوٹا اور محمد اسلم نامی افراد کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی، جن کا تعلق بظاہر ایک اخبار سے بتایا گیا ہے۔

جب صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے دوست کے اس نقصان کو پورا کریں گے، تو بیرسٹر گوہر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا “بالکل کروں گا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاسر ایڈووکیٹ کی بیٹی کے پیسے ضائع نہیں ہونے چاہئیں اور وہ خود اس رقم کی ادائیگی کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے ایف آئی اے (FIA) کے سائبر کرائم ونگ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ درج کرانے کے بعد حکام نے فوری کارروائی کی اور اکاؤنٹ ریکور کرنے میں بھرپور مدد کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور ہیکرز کے فراہم کردہ بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی انہیں دے دی گئی ہیں۔