بنوں میں خودکش دھماکہ، تین خواتین اور بچے سمیت 5 شہید
ڈومیل میں پولیس اسٹیشن کے قریب بارود بھری گاڑی اڑا دی گئی، دو مکانات منہدم
بنوں میں خودکش دھماکے کے بعد امدادی کارروائی جاری ہے
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل میں پولیس اسٹیشن کو نشانہ بناتے ہوئے خودکش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں 3 خواتین، ایک مرد شہری اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حملہ بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے پرانی تحصیل بلڈنگ کی سمت سے کیا گیا۔ دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس سے قریبی 2 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔