راولپنڈی میں سڑک پر گاڑی کے لیے راستہ چھوڑنے کا کہنے پر فائرنگ سے خاتون جاں بحق
سی پی او نے واقعے کا نوٹس لے کرایس پی راول سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی۔ملزم گرفتار
تصویر: راولپنڈی پولیس
راولپنڈی کے تھانہ وارث خان کی حدودمیں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شخص نے بیچ سڑک اپنی کار کھڑی کی ہوئی تھی۔کار سوار بہن بھائی نے راستہ مانگا تو مذکورہ کار ڈرائیور نے فائرنگ کر دی،جس سے خاتون ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لے کر،ایس پی راول سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی،اورملوث ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا،زیر حراست شخص کے زیر استعمال کار بھی قبضہ میں لی گئی ہے۔
ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ترجمان پولیس کا کہناہے کہ زیر حراست شخص کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ذرائع کا کہناہے کہ مسماۃ نازیہ مسرت اہل خانہ کے ساتھ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ساس کی تیمارداری کے لیے جارہی تھیں۔ گلاس فیکٹری سے ہسپتال جاتے ہوئے مسلح شخص سےراستہ چھوڑنے کے لیے کہا تو ملزم نے فائرنگ شروع کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوئیں اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔
نعش پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی۔