ملک میں پیٹرول کی فراہمی برقرار،پڑوسی ممالک میں لائینیں لگی ہیں،عطاء تارڑ

عالمی تنازعات اور سپلائی لائنز متاثر ہونے کے باوجود حکومت نے عوام کو پیٹرول کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی

               
April 4, 2026 · قومی

 وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول کی کوئی قلت نہیں ہے، جبکہ پڑوسی ممالک میں پیٹرول کے لیے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت نے ملک میں پیٹرول کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

پریس کانفرنس میں عطا تارڑ نے بتایا کہ عالمی تنازعات اور سپلائی لائنز متاثر ہونے کے باوجود حکومت نے عوام کو پیٹرول کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی۔ وزیراعظم نے بروقت نوٹس لے کر پیٹرول کی قلت کو روکا اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کیے۔ انہوں نے عوام کو پیٹرول کے استعمال میں احتیاط کی ہدایت بھی دی۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پبلک اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف ملے، اور اس عمل کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے شفاف بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام کے تحفظ اور سہولت کے لیے دن رات کوشش جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت غریب اور کاشتکار کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے، اور بس مالکان اور مال بردار گاڑیوں کو اس شرط پر سبسڈی دی جا رہی ہے کہ کرائے یا قیمتیں نہ بڑھائی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ 129 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں سے عوام کو ریلیف کے لیے فراہم کیے گئے اور وزیراعظم نے مڈل کلاس کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے کمی کی ہے۔ عوام کو بھی پیٹرول کے استعمال میں احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔