عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے،ریلیف کےاقدامات جلد یقینی بنائے جائیں گے:وزیراعظم

مؤثر اور شفاف نظام کے تحت بسوں، ویگنوں، ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کو سبسڈی کی منتقلی کی گئی ہے

               
April 4, 2026 · اہم خبریں, قومی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور ریلیف کے اقدامات جلد سے جلد یقینی بنائے جائیں گے۔

وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں خطے میں کشیدگی کے پیشِ نظر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کی رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مؤثر اور شفاف نظام کے تحت بسوں، ویگنوں، ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کو سبسڈی کی منتقلی کی گئی ہے تاکہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو فوری ر یلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بچائی گئی رقم کو عوام پر خرچ کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیشِ نظر عوامی ریلیف کے اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی طلحہ برکی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔