اسلام آباد میں مہنگی روٹی بیچنے پر 15 تندور سیل۔18 افراد گرفتار
روٹی کی قیمت 20 روپے اور نان کی قیمت 25 مقرر کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مہنگی روٹی بیچنے پر کارروائی کرتے ہوئے 15 تندور سیل کرکے18 افراد کو گرفتار کرلیا۔
اتوار کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومتی ریٹس پر روٹی و نان کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں، خصوصی مہم کے تحت دوسرے روز بھی شہر بھر میں 138 تندوروں کی انسپکشن کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنرز نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے مہنگی روٹی بیچنے پر 15 تندور سیل کر دیئے۔سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے پر 18 افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اسسٹنٹ کمشنرز کو تندوروں کی روزانہ انسپکشن اور حکومتی نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمت 20 روپے اور نان کی قیمت 25 مقرر کی گئی ہے،مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔