مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صورتحال تشویش ناک ہوگئی
درجنوں درخت گرنے کے ساتھ مٹی کے تودے گرنے کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے۔
مری: پہاڑی علاقے مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صورتحال تشویشناک اختیار کر گئی ہے، جہاں درجنوں درخت گرنے کے ساتھ مٹی کے تودے گرنے کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے۔
مختلف علاقوں میں متعدد گھروں کی دیواروں، چھتوں اور برآمدوں میں گہرے شگاف پڑ گئے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں سے شہریوں کی ہنگامی بنیادوں پر نقل مکانی جاری ہے، جبکہ مساجد کے ذریعے اعلانات کر کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔
ادھر جھیکاگلی چوک ری ماڈلنگ منصوبہ بھی لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوا ہے، اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث منصوبے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید متاثرہ علاقوں سے آبادی کے انخلا کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر متاثرہ علاقوں کی بحالی اور لینڈ سلائیڈنگ کے تدارک کے لیے اقدامات کرے، کیونکہ بروقت کارروائی نہ ہونے کی صورت میں مزید گھروں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔