خیبرپختونخوا میں احساس فیول سپورٹ اسکیم کا آغاز!
اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ صارفین کو ماہانہ 2000 روپے فیول سپورٹ فراہم کی جائے گی
پشاور: حکومت خیبرپختونخوا نے موٹر سائیکل، اسکوٹر اور رکشہ مالکان کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے “احساس فیول سپورٹ پروگرام” شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ صارفین کو ماہانہ 2000 روپے فیول سپورٹ فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں کمی لانا اور کم آمدنی والے طبقے کو سہولت دینا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ موٹر سائیکل، اسکوٹر یا رکشہ درخواست دہندہ کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو اور اس کی منتقلی کا عمل مکمل ہو چکا ہو، جبکہ غیر رجسٹرڈ یا کسی اور کے نام پر موجود گاڑیاں اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گی۔
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو دستک ایپ کے ذریعے درخواست دینا ہوگی، جہاں انہیں اپنی ذاتی معلومات، گاڑی کی تفصیلات اور مطلوبہ دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔
حکام کے مطابق درخواستوں کی تصدیق ای سہولت سسٹم اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس کے ذریعے کی جائے گی، جس کے بعد درخواست منظور یا مسترد ہونے سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل 6 اپریل سے شروع ہوگا، جبکہ غلط معلومات فراہم کرنے یا نام کی منتقلی مکمل نہ ہونے کی صورت میں درخواست مسترد کر دی جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کو ریلیف دینے اور بڑھتی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔