وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس:پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کے نفاذ اور عوامی ریلیف اقدامات کا جائزہ

اجلاس میں ملک میں ایندھن کے ذخائر، کھپت اور سبسڈی کی فراہمی پر پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

               
April 5, 2026 · اہم خبریں

 

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات پر حکومت کی سبسڈی کے نفاذ اور خطے میں موجودہ کشیدگی کے دوران عوامی ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ملک میں ایندھن کے ذخائر، کھپت اور سبسڈی کی فراہمی پر پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مسافر بسوں کو ماہانہ 1 لاکھ روپے، منی بس اور ویگنوں کو 40 ہزار روپے، ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار اور ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ سبسڈی کی رقوم شفافیت کے لیے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں اور اس کا آغاز گزشتہ روز سے ہو چکا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی حکومت کی جانب سے قومی پیکیج کے لیے رقم جمع کرانے کو سراہا اور دیگر صوبوں سے بھی جلد از جلد رقوم جمع کرانے کی توقع ظاہر کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا جا چکا ہے۔ پیٹرول لیوی میں فی لیٹر 80 روپے کی کمی، پاکستان ریلوے کو 6 ارب روپے کی سبسڈی اور ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ واپس لینے کے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں ممکنہ حد تک عوامی ریلیف کے اقدامات جاری رہیں گے اور ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔ اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، وزیرِ مملکت، معاونین خصوصی، ڈی جی آئی بی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔