کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج، متعدد پی ٹی آئی کارکن زیر حراست
پولیس اور انتظامیہ نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کراچی پریس کلب جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا۔
فوٹو سوشل میڈیا
کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں کی احتجاجی کال کے بعد شہر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔
پولیس اور انتظامیہ نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کراچی پریس کلب جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا۔
ادھر تحریک انصاف کے کارکنان فوارہ چوک پر احتجاج کے لیے جمع ہوئے جہاں مظاہرہ شروع کیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
اس دوران پی ٹی ائی کارکنان کے احتجاج پر پولیس نے شیلنگ کی جب کہ کارکنان نے پولیس پر پتھراو کیا، اس دوران ایک درجن سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق شہر میں مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کی کال دی گئی تھی، جس کے پیش نظر حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر نے پریس کلب پر مہنگائی کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی جانب سے مبینہ پولیس گردی اور کارکنوں پر تشدد قابل مذمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرامن سیاسی کارکنوں پر تشدد ناقابل قبول ہے اور اس معاملے پر ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی، جبکہ آئی ایل ایف کی ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جہاں کارکن موجود ہیں وہاں فوری پہنچا جائے۔
دوسری جانب کراچی پریس کلب نے اتوارکوایک سیاسی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے کنٹینرز لگا کر پریس کلب کے چاروں اطراف سے راستے بند کیے جانے پرشدید تشویش اورمذمت کا اظہارکرتے ہوئے مطالبہ کہاہے کہ صحافیوں کوپریس کلب تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جائے اور فوری طور پر تمام راستے کھولے جائیں۔