امریکی عوام کو سوچنا چاہیے کہ ایک پاگل کیسے ان کا صدر ہے،حافظ نعیم الرحمٰن
ایران امریکی اور اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے اور پاکستان کو اس سلسلے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے امریکی صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام کو سوچنا چاہیے کہ ایک پاگل کیسے ان کا صدر ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے احمقانہ بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان بھی یہ کہہ رہا ہے کہ ٹرمپ کو صدر نہیں ہونا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے ایران کی تعریف کی کہ وہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے اور پاکستان کو اس سلسلے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف ممکنہ اقدامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر حکومت مثبت اقدامات کرے تو جماعت اسلامی اس کی حمایت کرے گی۔
علاوہ ازیں، امیر جماعت اسلامی نے پیٹرول کی قیمتوں اور بجلی پر ٹیکسز کے حوالے سے بھی حکومت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام پیٹرول کے ہر لیٹر پر 225 روپے ادا کر رہے ہیں، آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے چاہئیں اور بجلی پر ٹیکس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں صنعتوں کو مضبوط بنایا جائے اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی لائی جائے تاکہ عوام پر بوجھ کم ہو۔