جھیکا گلی ری ماڈلنگ پراجیکٹ آبادی کیلئے خطرہ بن گیا،لوگ بے گھر

پراجیکٹ سے ملحقہ آبادی کوثر کالونی کے درجنوں گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے ہیں۔

               
April 6, 2026 · امت خاص

 

شدید بارشوں کے نتیجے میں جہاں ایک طرف پہاڑی علاقوں میں معمول کی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تودے گرنے کا سلسلہ جاری ہے، وہیں مری کے مرکزمیں واقع جھیکا گلی ری ماڈلنگ پراجیکٹ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی نذر ہوتا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں پراجیکٹ سے ملحقہ آبادی کوثر کالونی کے درجنوں گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے ہیں۔

انتظامیہ نے مساجد میں اعلان کر کے لوگوں کو گھر خالی کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد لوگوں نے پوری رات خوف کے عالم میں جاگ کر گزاری اور اپنی مدد آپ کے تحت گھر کا سامان منتقل کرتے رہے۔
مگر گھر خالی کر کے جائیں گے کہاں، کوئی متبادل ٹھکانہ نہیں ہے۔

درجنوں مکانات کی دیواروں، برآمدوں اور چھتوں پر شگاف اور دراڑیں پڑ گئی ہیں۔سڑک اور قریبی مسجد بھی شدید لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئی ہے درجنوں درخت گر گئے ہیں، اور مکین در بدر ہو چکے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے انہیں کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔بعض مکینوں نے الزام لگایا کہ پراجیکٹ کی کھدائی کے دوران نکالی گئی ہزاروں ٹن مٹی بھی آبادی کی طرف پھینک دی گئی۔

مکینوں کے مطابق جب سے پراجیکٹ پر کام شروع ہوا ہے، انتظامیہ کو بارہا خطرے سے آگاہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر بروقت اقدامات نہیں کیے گئے۔۔متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ری ماڈلنگ پروجیکٹ پر کام اگے بڑھانے سے پہلے متاثرہ ابادی کی باعزت بحالی کا انتظام کیا جائے۔

دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اچانک اور شدید بارشوں کے نتیجے میں یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔