سندھ حکومت نے موٹرسائیکل سواروں کے لیے پیٹرول سبسڈی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا

یہ سبسڈی صرف ان موٹرسائیکل مالکان کو ملے گی جو محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ پر رجسٹرڈ ہیں۔ درخواست گزار اپنی رجسٹریشن کی تصدیق آن لائن کر سکتے ہیں۔

               
April 6, 2026 · قومی

کراچی: سندھ حکومت نے موٹرسائیکل سواروں کے لیے پیٹرول سبسڈی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت اہل شہریوں کو 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یہ سبسڈی صرف ان موٹرسائیکل مالکان کو ملے گی جو محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ پر رجسٹرڈ ہیں۔ درخواست گزار اپنی رجسٹریشن کی تصدیق آن لائن کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل کی منتقلی (ٹرانسفر) کی فیس ختم کر دی گئی ہے اور محکمہ ایکسائز کے دفاتر صبح سے رات تک کھلے رہیں گے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو بھی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری فائدہ اٹھا سکیں۔

مراد علی شاہ کے مطابق سبسڈی کی رقم خودکار نظام کے تحت براہ راست صارف کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ موٹرسائیکل اور بینک اکاؤنٹ دونوں درخواست گزار کے نام پر ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں تقریباً 6.7 ملین رجسٹرڈ موٹرسائیکلیں موجود ہیں، اور اگر کسی شخص کے نام پر ایک سے زائد موٹرسائیکلیں ہیں تو اسے صرف ایک سبسڈی دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کرایوں میں اضافے کی شکایات پر ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیا گیا ہے، اور اگر کوئی زائد کرایہ وصول کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سبسڈی براہ راست عوام تک پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔