جارج گیلوے کی مغرب پرجارحانہ تنقید کا دس ماہ پرانا کلپ دوبارہ کیوں وائرل ہوا؟

لاطینی امریکہ سے لے کر افریقہ تک سب ایران کے ساتھ ہیں۔ برطانوی سیاست دان

               
April 6, 2026 · امت خاص

 

برطانوی صحافی پیئرس مورگن کے مشہور شوPiers Morgan Uncensored میں ایک تیز اور جارحانہ بحث موجودہ حالات کے پیش نظر دوبارہ وائرل ہورہی ہے۔ سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اور ورکرز پارٹی کے لیڈر جارج گیلوے نے ایران کے حوالے سے مغربی موقف پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ دنیا صرف مغرب نہیں ۔

یہ پروگرام جون2025 میں ریکارڈ ہواتھا۔

 

بحث کے دوران گیلوے نے زور دے کر کہا کہ افریقہ ایران کے ساتھ ہے، لاطینی امریکہ ایران کے ساتھ ہے، چین ایران کے ساتھ ہے، روس ایران کے ساتھ ہے، تمام عرب ایران کے ساتھ ہیں۔انہوں نے پیئرس مورگن پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایک چھوٹے سے مغربی گروہ (clique) کی نمائندگی کر رہے ہیں جو دنیا کی آٹھ ارب آبادی میں سے ایک ارب سے بھی کم لوگوں کی بات کرتا ہے۔ گیلوے کا مزید کہناتھاکہ آپ اس چھوٹے سے گروہ کو ہی پوری دنیا سمجھ بیٹھے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آپ اپنی محدود سوچ اور نکتہ نظر سے باہر نہیں نکل پا رہے۔

 

پیئرس مورگن نے جواب میں گیلوے سے پوچھا کہ کیا چین، روس اور شمالی کوریا جیسے رجیم کو تہران کی حکومت کا اچھا حامی مانا جائے؟ اس پر گیلوے نے تند جواب دیا کہ تم خود کیئر سٹارمر کے رجیم کے تحت رہ رہے ہو اور فرانس میکرون کے تحت ہے، پھر تمہیں کون سا حق حاصل ہے کہ دنیا میں آبادی کی غالب اکثریت کو اس لیے غیر معتبر قرار دو کہ تم ان کے رجیم کو پسند نہیں کرتے۔

 

بحث اس قدر گرما گرمی کا شکار ہوئی کہ مکمل انٹرویو میں جارج گیلوے شو سے چلے بھی گئے۔

 

جارج گیلوےنے اس موقع پر مغرب کو اقلیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصل دنیا (Global South) ایران کی حمایت کر رہی ہے، ۔پیئرس نے گیلوے پر ایرانی رجیم کا ترجمان ہونے کا الزام لگایا۔

 

یہ کلپ گذشتہ دنوں یوٹیوب پر دوبارہ اپ لوڈ کیا گیا اور تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ ہے۔