پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف تاجروں کا بڑا و منفرد احتجاج

گھوڑوں اور گدھا گاڑیوں پر نکل آئے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے براہ راست مداخلت کی اپیل

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

رپورٹ: اختر نواز):

کراچی : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے کراچی کے شہریوں کو سواری بدلنے پر مجبور کر دیا۔ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے خلاف کراچی کے تاجروں اور شہریوں نے ایک منفرد اور جرات مندانہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔

شہر کی سڑکوں پر اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب بڑی تعداد میں مظاہرین اپنی قیمتی گاڑیوں کے بجائے گھوڑوں، اونٹوں اور گدھا گاڑیوں پر سوار ہو کر نکل آئے۔ احتجاج میں شریک شہریوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “مہنگا پیٹرول، ڈیزل، گیس نامنظور” اور “غریبوں کے خون سے امیروں کی عیاشیوں کے چراغ جلانا بند کرو” جیسے نعرے درج تھے۔

 مظاہرین نے بینرز کے ذریعے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے براہ راست مداخلت کی اپیل کی۔ احتجاجی بینرز پر درج تھا کہ “صاحب سے درخواست ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے” تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بھی اس احتجاج میں بھرپور شرکت کی اور مطالبہ کیا کہ ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف سفری اخراجات بڑھے ہیں بلکہ روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قیمتیں واپس نہ لی گئیں تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا جائے گا۔