پاکستان اور مصر کی مشترکہ مشقیں ‘تھنڈر ٹو’ چراٹ میں شروع
دونوں ممالک کی ایلیٹ فورسز ایک دوسرے کے جنگی تجربات اور جدید مہارتوں سے استفادہ کریں گی ,آئی ایس پی آر
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاکستان اور برادر اسلامی ملک مصر کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشقوں ‘تھنڈر ٹو’ (Thunder-II) کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کے روز اسپیشل آپریشنز اسکول چراٹ میں منعقدہ پروقار افتتاحی تقریب کے ساتھ ان مشقوں کا آغاز ہوا، جس میں کمانڈنٹ اسپیشل آپریشنز اسکول نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دو ہفتوں پر محیط ان مشقوں میں پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ (SSG) اور مصری فوج کی اسپیشل فورسز کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان مشترکہ مشقوں کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی فوجی تعلقات کو مزید استحکام دینا اور مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہا ہے کہ دونوں ممالک کی ایلیٹ فورسز ایک دوسرے کے جنگی تجربات اور جدید مہارتوں سے استفادہ کریں گی۔خاص طور پر انسداد دہشت گردی کے پیچیدہ آپریشنز اور حکمت عملی پر عملی تربیت حاصل کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مشقوں سے دونوں افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔