راولپنڈی میں 15روز کے لیے دفعہ 144 نافذ

ہر قسم کے جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور احتجاجی سرگرمیاں مکمل طور پر ممنوع قرار دے دی گئی ہیں

               
April 7, 2026 · قومی

راولپنڈی میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے راولپنڈی میں 15 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اس دوران ہر قسم کے جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور احتجاجی سرگرمیاں مکمل طور پر ممنوع قرار دے دی گئی ہیں، جبکہ 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ نے اسلحہ کی نمائش، اشتعال انگیز اور نفرت انگیز تقاریر پر بھی مکمل پابندی لگا دی ہے۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدامات شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ پولیس کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ممکنہ بدامنی سے متعلق رپورٹس موصول ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔