چولستان میں جنگلی بلی کے حملے میں چرواہا زخمی

حملے میں متاثرہ چرواہے عبدالمجید کے سر اور بازوؤں پر شدید زخم آئے۔

               
April 7, 2026 · قومی

بہاولپور کے صحرائے چولستان میں جنگلی بلی کے حملے میں ایک چرواہا زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد محکمہ جنگلی حیات نے تصدیق کی کہ یہ حملہ بڑے سائز کی جنگلی بلی ’کیریکل کیٹ‘ نے کیا، نہ کہ ابتدائی طور پر خیال کیے گئے تیندوے نے۔

حملے میں متاثرہ چرواہے عبدالمجید کے سر اور بازوؤں پر شدید زخم آئے۔ ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجر سنٹرل پنجاب شیخ زاہد اقبال کے مطابق کیریکل عام طور پر سر اور اوپری جسم پر حملہ کرتی ہے اور صحرائے چولستان میں یہ جنگلی بلیاں عام پائی جاتی ہیں۔

حکام کے مطابق کیریکل تیز رفتار اور ماہر شکاری جانور ہے جو عام طور پر پرندوں اور چھوٹے جانوروں کا شکار کرتی ہے، لیکن انسانی آبادی کے قریب آنے پر حملے کے واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔ واقعے کے بعد وائلڈ لائف ٹیموں نے کئی روز تک علاقے کی نگرانی کی لیکن جانور قابو میں نہ آ سکا اور روپوش ہوگیا۔

کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کے رکن بدر منیر نے متاثرہ چرواہے سے ملاقات کر کے تفصیلات حاصل کیں اور خاندان کو یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔