پنجاب حکومت کا 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ

گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ اجلاس میں فی کلو میٹر ٹرانسپورٹ کرایوں کا تعین کرنے کے لیے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کی گئی۔

               
April 7, 2026 · اہم خبریں, قومی

پنجاب حکومت نے صوبے کے 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ عوام کو بڑھتی ہوئی ٹرانسپورٹ کرایوں کے اثرات سے ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ پائلٹ پروجیکٹ کی منظوری دی گئی، جس میں گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ اجلاس میں فی کلو میٹر ٹرانسپورٹ کرایوں کا تعین کرنے کے لیے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کی گئی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں صوبے میں پرائس کنٹرول کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جہاں 23 اشیاء خورونوش جیسے پیاز، ٹماٹر، آلو، کیلا اور دالوں کے نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آٹے، دالوں اور چنے کے وافر سٹاک کی موجودگی بھی نمایاں کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے اوپن ڈرینج میں اموات کے واقعات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہر یونین کونسل میں جوہڑ اور تالاب کا سروے کرنے اور تصاویر کے ساتھ روزانہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے شجرکاری، کتے کے کاٹنے، زیبرا کراسنگ، سٹریٹ لائٹس، گرین بیلٹ اور دیگر کے پی آئیز پر توجہ دینے اور بیوٹی فکیشن پراجیکٹس کی تکمیل کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں لاہور، رحیم یار خان، فیصل آباد اور اٹک سمیت دیگر شہروں کے بیوٹی فکیشن اور اپ گریڈیشن پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا، جبکہ جھنگ میں صفائی کی صورتحال میں بہتری کے لیے دو ہفتے کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کی گئی۔ صوبے میں صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے اے آئی کی معاونت سے ہر یونین کونسل کی گلیوں میں رئیل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ڈیجیٹل میپنگ کا آغاز کیا گیا۔