منی بجٹ فی الحال پیش نہیں کیا جائے گا،وزیراعظم

موجودہ حالات میں عوام کو مزید ٹیکس کے بوجھ سے بچانا اولین ترجیح ہے۔

               
April 7, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کی جانب سے پیش کردہ ٹیکس تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ منی بجٹ فی الحال پیش نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی سالانہ بجٹ قبل از وقت پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کے لیے معاشی ٹیم نے مختلف ٹیکس تجاویز پیش کیں جن میں پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس شامل تھا، تاہم وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کو مزید ٹیکس کے بوجھ سے بچانا اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جون سے قبل نہ کوئی نیا ٹیکس لگایا جائے اور نہ منی بجٹ پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوام پہلے ہی پریشان ہیں اور معاشی ٹیم کو چاہیے کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے والے اقدامات پر توجہ دے۔

حکام کے مطابق آئندہ بجٹ جون کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ اس میں ترجیحات موجودہ حالات کے مطابق ترتیب دی جائیں گی۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات کے باعث حکومت نے عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔