وزیرِ اعظم اور سعودی عرب کے ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ،کشیدگی پر تبادلۂ خیال

الجبیل آئل فسیلیٹی پر حملے کی شدید مذمت ،پاکستان کی حکومت اور عوام سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ، وزیر اعظم

               
April 7, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آج دوپہر مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا۔

وزیرِ اعظم نے جاری حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور آج سعودی عرب میں الجبیل آئل فسیلیٹی پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، جس طرح سعودی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے موجودہ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کی جانب سے تحمل اور دانشمندی کے مظاہرے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ مل کر امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے بھی ولی عہد کو آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے خادم الحرمین الشریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور پرتپاک سلام کا اظہار بھی کیا۔

ولی عہد نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔