سیز فائر کا فوری نفاذ۔ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ وفاقی وزیر عطا تارڑ
وزیرِاعظم ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر۔ وزارتِ خارجہ تمام عمل میں بھرپو متحرک رہی
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا جا رہا ہے اور حالیہ سیز فائر کا اعلان اور اس پر فوری عملدرآمد ایک بڑی کامیابی ہے۔
نجی ٹی وی کے پوگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزارتِ خارجہ اس تمام عمل میں بھرپور طور پر متحرک رہی۔
عطا اللّٰہ تارڑ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ وہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔
عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ آج دنیا کی مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے جو سفارتی پیش رفت کا نتیجہ ہے۔
وفاقی وزیر نے گفتگو کے دوران یقین دہانی کروائی کہ عوام کو آئندہ پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم نے کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات سمیت تمام معاملات پر بات کریں گے، خطے میں پیٹرولیم کی قلت تھی، ہم نے سپلائی چین کو بہتر طریقے سے منیج کیا۔
اُنہوں نے آج کا دن ’معرکۂ حق‘ کی طرح پاکستانی قوم کے لیے فخر کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹے اور آنے والے دن انتہائی اہم ہیں اور پاکستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔