عمران خان کی نظرِ ثانی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی

               
April 8, 2026 · قومی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق ہتک کیس میں دائر نظرِ ثانی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے مؤقف اختیار کیا کہ دعوے دار کی جانب سے باضابطہ درخواست دیے بغیر کسی بھی فریق کا حقِ دفاع ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کی جانب سے مارچ 2022 میں اعتراضات دائر کیے گئے تھے، تاہم ٹرائل کورٹ نے اکتوبر 2022 میں انہیں مسترد کر دیا۔

وکیل کے مطابق ٹرائل کورٹ نے زائد المیعاد کی بنیاد پر حقِ دفاع ختم کیا، جسے چیلنج کیا گیا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کو ہدایت دی جائے کہ بانی پی ٹی آئی کا حقِ دفاع بحال کیا جائے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف کے وکیل نے حقِ دفاع کی بحالی کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ درست ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا تھا، جس کے خلاف بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نظرِ ثانی درخواستیں دائر کی گئی تھیں، جن پر اب سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔