وزیراعظم پاکستان کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ

دونوں رہنماؤں کے درمیان جنگ بندی کے بعد مذاکرات کے باضابطہ آغاز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو ہوئی

               
April 8, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں حالیہ جنگ بندی پر مبارکباد دی گئی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان جنگ بندی کے بعد مذاکرات کے باضابطہ آغاز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ پیش رفت میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جن کے نتیجے میں کشیدگی میں کمی آئی ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کو دو ہفتوں کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے، جبکہ اس دوران جنگ بندی برقرار رہے گی۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کی قیادت سے ہونے والی بات چیت کے بعد کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جنگ بندی اس امر سے مشروط ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کو مکمل، محفوظ اور فوری طور پر بحال کیا جائے، تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا اپنے فوجی مقاصد حاصل کر چکا ہے اور ایران کے ساتھ طویل المدتی امن معاہدے کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے، جبکہ ایران کی جانب سے پیش کیے گئے نکات کو مذاکرات کی بنیاد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔