پاکستان ہمیشہ کیلیے بدل گیا، دنیا عزت سے دیکھتی ہے , شہباز شریف
پاکستان کی درخواست قبول کرنے پر ایرانی اورامریکی قیادت کے مشکور ہیں، کابینہ اجلاس سے خطاب
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اب ایک نئی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور عالمی سطح پر ملک کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کے لیے بدل گیا ہے اور آج دنیا ہمیں عزت و احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں ارکان نے تالیاں بجا کر شہبازشریف کا خیرمقدم کیا، اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ دُنیا بھر کے تمام میڈیا چینلز نے امن کی راہ ہموارکرنےمیں پاکستان کےکردارکوسراہا، چالیس سال میں سول وعسکری قیادت میں ایسی بےمثال ہم آہنگی نہیں دیکھی۔
اُنہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سفارتی محاذ پر اہم کامیابی سے نوازا ہے، پاکستان نے مشترکہ کاوشوں سے مسلم ملکوں اور امن کے لیے کردارادا کیا، ٹرمپ نے ایران کی عسکری مدد کرنے والے ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا اور ایران کو فوجی ہتھیار فراہم کرنے والے ممالک پر 50 فیصد ٹیرف عائد ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوسری جانب امریکا کو فروخت ہونے والی ہر قسم کی اشیا پر یہ ٹیرف لاگو ہو گا، یہ ٹیرف فوری طور پر نافذالعمل ہو گا،کوئی رعایت یا استثنیٰ نہیں ہو گا جب کہ ہم سفارتی کامیابی پر اللہ کے حضور سربسجود ہیں۔
وزیرِ اعظم نے زور دیا کہ حکومتی پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے باعث بین الاقوامی برادری کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک اب ماضی کی مشکلات سے نکل کر استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے ثمرات واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔
شہباز شریف کے مطابق پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات اب برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ جنگ کے شعلے دو ہفتے کے لیے بُجھ گئے ہیں، اللہ نے چاہا تو ہمیشہ کے لیے بُجھ جائیں گے، پاکستان نے ذمہ داری اور وقار کے ساتھ کردارادا کیا، سیاسی اور ملٹری لیڈرشپ یکسوہیں اور رہے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کا جتنا بھی شکرادا کرے کم ہے، فیلڈ مارشل اس حوالے سے کئی راتیں جاگتے رہے جب کہ کابینہ اجلاس میں اراکین نے ڈیسک بجا کر فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنگ میں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی کوشش کی گئی، ایران اور امریکا کی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کی درخواست قبول کرنے پر ایرانی اورامریکی قیادت کے مشکور ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین نے امن کاوشوں میں بھرپور تعاون کیا، سعودی عرب، قطر، عمان، کویت، ترکیہ، انڈونیشیا، مصر، آذربائیجان، یواے ای کا شکرگزار ہوں، تمام دوست ملکوں نےامن کاوشوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل کمپلکس پر ہونےوالے حملے کی مذمت کی، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراور اُن کی ٹیم نےانتھک محنت کی،آج کا پاکستان بدلا ہوا پاکستان ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کوعزت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، یہ عزت کسی ایک فرد نہیں پوری قوم کی ہے۔