امریکا ایران امن مذاکرات، جے یو آئی نے اسلام آباد میں جمعہ کو مظاہرے موخر کردیے

حکومتی وفد نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ چند روز میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوگی ، حکومتی وفد کی یقین دہانی

               
April 8, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے جمعہ کو اپنے مظاہرے موخر کردیے، کل سے اسلام آباد میں امریکا ایران امن مذاکرات کے پیشِ نظر مظاہرے موخر کیے گئے۔

مولانا فضل الرحمٰن سے وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعظم کے مشیر  رانا ثناء اللّٰہ اور طارق فضل  نے  ملاقات کی، وفاقی وزراء نے وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا، وزیراعظم نے درخواست کی کل سے اسلام آباد میں دنیا بھر سے مہمان آرہے ہیں۔

جے یو آئی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا جنگ بندی مذاکرات کو حتمی شکل دینے کی کوشش مزید آگے بڑھائی جائے گی، جے یو آئی جمعہ کو مظاہرے ملتوی کرے تاکہ دنیا کو مثبت پیغام دیا جائے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے پیٹرول قیمتوں میں اضافہ سے عوام میں بے چینی سے آگاہ کیا اور حکومتی وفد سے پیٹرول قیمتوں کو فوری کم کرنے کا مطالبہ کیا،حکومتی وفد نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ چند روز میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔