امریکا۔ایران جنگ بندی سفارت کاری کی کامیابی قرار

پاکستان کی سفارتی کوششیں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری تھیں، جن کا نتیجہ کامیاب جنگ بندی اور مذاکرات کے آغاز کی صورت میں سامنے آیا۔

               
April 9, 2026 · اہم خبریں

رضوان سعید شیخ نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو سفارت کاری اور مکالمے کی فتح قرار دے دیا۔

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر نے سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اس پیش رفت میں پاکستان نے مثبت اور فعال کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششیں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری تھیں، جن کا نتیجہ کامیاب جنگ بندی اور مذاکرات کے آغاز کی صورت میں سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خارجہ پالیسی میں مکالمے اور امن کو ترجیح دی ہے، اور اسی حکمت عملی کے تحت حالیہ بحران میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔

سفیر نے ان ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس عمل میں تعاون کیا، جن میں سعودی عرب، ترکیہ، مصر، قطر اور چین شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ سفارتی کوششوں سے نہ صرف جنگ بندی ممکن ہوئی بلکہ مذاکرات کا راستہ بھی ہموار ہوا۔

رضوان سعید شیخ نے بتایا کہ چین نے ابتدا سے ہی فریقین کو تحمل اور سفارت کاری اپنانے پر زور دیا، جبکہ مختلف ممالک کی قیادت نے پسِ پردہ کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق کامیاب مذاکرات کے لیے رازداری انتہائی اہم ہوتی ہے تاکہ فیصلے بغیر کسی دباؤ کے کیے جا سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس عمل میں ایک سہولت کار کے طور پر شامل ہے اور اس کی کوشش ہے کہ تمام فریقین کے درمیان اعتماد کی فضا قائم رہے۔

سفیر کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور لاکھوں پاکستانی وہاں مقیم ہیں، اسی لیے ان ممالک کی قیادت سے مسلسل مشاورت جاری رہی۔