کراچی میں پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار
گرفتار ملزم کی شناخت ایاز علی کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر اسٹریٹ کرائمز سمیت دیگر وارداتوں میں مطلوب تھا
کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کارروائی گھگھر پھاٹک کے قریب کی گئی جہاں مشتبہ افراد سے مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی شناخت ایاز علی کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر اسٹریٹ کرائمز سمیت دیگر وارداتوں میں مطلوب تھا۔ پولیس اس کے کرمنل ریکارڈ کی جانچ کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کرنے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔