اسرائیلی اقدامات خطے میں جاری امن کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں،پاکستان
پاکستان لبنانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے
اسلام آباد: پاکستان نے لبنان میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے امن کوششوں کی حمایت کا اعادہ کر دیا
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور انفراسٹرکچر کی تباہی پر گہری تشویش رکھتا ہے۔ پاکستان لبنانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیلی اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے میں جاری امن کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان لبنانی آزادی، علاقائی خود مختاری اور امن و استحکام کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان اور سعودی عرب نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے دیرپا امن و استحکام کے لیے جنگ بندی کے مکمل احترام اور نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی مسلسل حمایت کو سراہا۔