جنگ بندی کے بعد فلائٹ آپریشن بحال، خلیجی ممالک کیلئے پروازیں دوبارہ شروع

لاہور سے 9 جبکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 8 پروازیں خلیجی ممالک کے لیے روانہ کی گئیں۔

               
April 9, 2026 · قومی

ملک میں مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کے بعد فضائی آپریشن کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت مختلف ایئرپورٹس سے خلیجی ممالک کیلئے پروازیں دوبارہ روانہ ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے بڑے ہوائی اڈوں سے دبئی، ابو ظہبی، شارجہ، بحرین، کویت، دوحہ، جدہ اور دمام کیلئے پروازیں بحال کی جا رہی ہیں۔ لاہور سے 9 جبکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 8 پروازیں خلیجی ممالک کے لیے روانہ کی گئیں۔

اسی طرح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 18، پشاور سے 6 اور ملتان سے 4 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ ایئر لائنز نے مکمل بحالی کے لیے نئے فلائٹ شیڈولز کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی آپریشن کی مکمل بحالی میں ابھی وقت لگ سکتا ہے کیونکہ کچھ ممالک میں فضائی حدود جزوی طور پر بند ہیں۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث گزشتہ 40 روز کے دوران پاکستان سے 3 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جس سے فضائی نظام شدید متاثر ہوا تھا۔