کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہوگئے
کمشنر کراچی کی طرف سے تمام مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا۔ تمام مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ، غلام حسین سہو کے مطابق تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور امتحانات کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
امتحانی شیڈول کے تحت آج صبح کی شفٹ میں دہم جماعت کا کمپیوٹر اسٹڈیز جبکہ دوپہر کی شفٹ میں جنرل سائنس کا پرچہ لیا جائے گا۔
امتحانات میں تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار 529 سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں، جن کے لیے شہر بھر میں 521 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
کمشنر کراچی نے تمام مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہے۔ بورڈ آفس اور کمشنر آفس میں خصوصی مانیٹرنگ سیلز قائم کر دیے گئے ہیں۔
دورانِ امتحان مراکز کے قریب فوٹو کاپی مشینیں بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سائبر سیکورٹی کو سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پرچے آؤٹ ہونے کے خدشے کو روکا جاسکے۔
ناظمِ امتحانات نے اہم ہدایت جاری کی ہے کہ اگر کوئی طالب علم کسی وجہ سے اپنے مقررہ مرکز پر نہیں پہنچ پاتا، تو وہ قریبی امتحانی مرکز پر جا کر اپنا پرچہ دے سکتا ہے۔
پرچوں کی بروقت ترسیل کے لیے 18 ٹاؤنز میں 25 حب سینٹرز بنائے گئے ہیں جن کی براہِ راست نگرانی کی جا رہی ہے۔