امن مذاکرات کے خلاف اسرائیلی سازش عروج پر لیکن”اسلام آباد اکارڈ”آئے گا،تجزیہ کار

لبنان پر بے تحاشہ بم باری تل ابیب کے عزائم کا ثبوت ہے۔ اسرار احمد

               
April 11, 2026 · امت خاص

 

عرب میڈیا سے وابستہ صحافی اور تجزیہ کار اسراراحمد نے ” امت ڈیجیٹل” کو بتایا کہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی وجہ سے اسلام آبادکی گہماگہمی ماند پڑگئی۔صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کار یا میڈیاکے لوگ ہی وفاقی دارالحکومت میں نظرآرہے ہیں۔امریکی حکومت کی طرف سے تقاضوں کے پیش نظر بھی سیکیورٹی اقدامات بہت زیادہ ہیں۔

 

تجزیہ کارکے مطابق اسرائیل ان مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کے لیے کوشاں ہے،لبنان پر حملے جاری رکھنا اور بے تحاشہ بم باری اس کا واضح ثبوت ہے۔اس کے سواتمام جنگی محاذ جنگ بندی کے بعد سے خاموش ہیں۔اسرائیل چاہتاہے کہ مذاکرات اور جنگ بندی نہ ہو۔لیکن اسلام آباد میں اس بات چیت کا انعقاد بھی ہوگا اور متفقہ جامع امن معاہدہ بھی سامنے آئے گا جس کے لیے ”اسلام آباد اکارڈ ”کی بازگشت سنی جارہی ہے۔

 

اسراراحمد نے کہا کہ سیزفائر پر عالمی برادری اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کا ردعمل غیر معمولی تھا۔ پاکستان کا پروفائل بڑھ گیا۔ قیادت پوری دنیاکی توجہ اور ان کے رابطوں کا مرکزبن چکی ہے۔یہ سب کچھ انتہائی غیر متوقع ہے۔ کبھی یہ سب کچھ ناقابل تصورتھا۔پاکستان اپنی جیوپولیٹیکل صورت حال کو مہارت سے استعمال کرکے آگے بڑھ رہا ہے۔ہرجگہ سے تحسین ہورہی ہے۔پاکستانی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے جس طرح اس ملک کو دیکھاجارہاہے۔