وزیر خزانہ ورلڈ بینک و آئی ایم ایف اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ

یہ اجلاس 13 تا 18 اپریل تک واشنگٹن ڈی سی میں ہوں گے۔

               
April 11, 2026 · قومی

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب ورلڈ بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ اجلاس 13 تا 18 اپریل تک واشنگٹن ڈی سی میں ہوں گے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خزانہ ان اجلاسوں میں شرکت سے قبل بوسٹن کا دورہ کریں گے جہاں وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ پاکستان کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

وزیر خزانہ کانفرنس میں شریک ماہرین، پالیسی سازوں اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان کی معیشت، اصلاحاتی اقدامات اور ترقی کے امکانات پر اظہار خیال کریں گے۔اپنے دورہ کے دوران وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اہم اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور عالمی مالیاتی رہنماؤں، ترقیاتی شراکت داروں اور پالیسی سازوں سے وسیع پیمانے پر ملاقاتیں کریں گے۔ا

اس موقع پر وزیر خزانہ، عالمی مالیاتی اداروں کی اعلیٰ قیادت بشمول ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) انا بیردے، آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار دیوپ اور میگا کے منیجنگ ڈائریکٹر سوتومو یاماموتو سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے اعلیٰ حکام ،فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کاٹز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک اور مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد اظہور سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔