سیہون:لعل شہباز قلندر کے مزار کی پیٹیوں سے 2 کروڑ 38 لاکھ روپے برآمد

نذرانے کی پیٹیاں 8 ماہ اور 14 دن بعد کھولی گئیں، جبکہ رقم کی گنتی کا عمل چار روز تک جاری رہا۔

               
April 11, 2026 · قومی

سیہون شریف میں مزار لعل شہباز قلندر کی نذرانے کی پیٹیاں کھول دی گئیں، جن سے کروڑوں روپے کی رقم برآمد ہوئی۔

محکمہ اوقاف کے چیف ایڈمنسٹریٹر مختیار ابڑو کے مطابق نذرانے کی پیٹیاں 8 ماہ اور 14 دن بعد کھولی گئیں، جبکہ رقم کی گنتی کا عمل چار روز تک جاری رہا۔

حکام کے مطابق گنتی کے دوران مجموعی طور پر 2 کروڑ 38 لاکھ 78 ہزار 750 روپے نقد رقم برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ نذرانے میں سونا، چاندی اور غیر ملکی کرنسی بھی شامل ہے۔

مختیار ابڑو نے بتایا کہ سونا اور چاندی کو توشہ خانے میں محفوظ کر لیا گیا ہے، جبکہ نقد رقم بینک میں جمع کرا دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گنتی کا عمل محکمہ اوقاف کی نگرانی میں شفاف انداز میں مکمل کیا گیا۔