پاکستان امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ اسحاق ڈار

وزیراعظم کی درخواست پر فریقین کی جانب سے جنگ بندی کرنے پر شکرگزار ہیں۔

               
April 12, 2026 · قومی

وزیراعظم شہبازشریف کی درخواست پر دونوں ممالک نے مثبت ردعمل دیا۔ اتوار کی صبح اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی درخواست پر فریقین کی جانب سے جنگ بندی کرنے پر شکرگزار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں ایران اور امریکہ کے وفود مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان آئے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دونوں فریقین کے درمیان ان مشکل اور تعمیری مذاکرات کے کئی دور کے دوران ثالثی کی کوشش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں سے جاری مذاکرات آج صبح ختم ہوئے۔

اںھوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق مثبت جذبے کا مظاہرہ کرتے رہیں گے تاکہ خطے اور اس سے بھی آگے کے لیے دیرپا امن اور خوشحالی کا حصول ممکن ہو سکے۔

’یہ اہم ہے کہ دونوں فریق جنگ بندی کے لیے اپنا عزم جاری رکھیں۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے مذاکرات کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرتا رہے گا۔