این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری،کہاں کہاں بارش ہوگی
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں، آندھی اور شدید موسم کے نئے سلسلے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث شدید بارشوں، آندھی اور بعض مقامات پر اپریل کے مہینے میں غیر معمولی برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ اور پنجاب کے دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ تیز ہوائیں انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں اور برف باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، لہٰذا شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔