چلاس: پولیس ٹیم پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید، ڈی ایس پی سمیت کئی اہلکار زخمی
پولیس ٹیم تھور کے علاقے میں افیون کی فصل تلف کرنے میں مصروف تھی کہ اچانک پولیس ٹیم پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔
فائل فوٹو
گلگت: ضلع دیامر میں پولیس ٹیم پر حملے میں 3 اہلکار شہید اور ڈی ایس پی سمیت کئی زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ ضلع دیامر کے علاقے تھور گوئیں میں پیش آیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید اورڈی ایس پی سمیت دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ پولیس ٹیم تھور کے علاقے میں افیون کی فصل تلف کرنے میں مصروف تھی کہ اچانک پولیس ٹیم پرنامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ شہید ہونے والے تینوں پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر زہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ڈی ایس پی سمیت 3 زخمی پولیس اہلکار بھی ریجنل ہیڈکوارٹرزہسپتال میں زیر علاج ہیں۔