آج سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروس سست ہونے کا خدشہ

مرمتی کام 20 اپریل تک جاری رہے گا اور اس دوران سروس مکمل طور پر بند نہیں ہوگی، تاہم صارفین کو عارضی سست روی کا تجربہ ہوسکتا ہے۔

               
April 14, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد — پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل کی مرمت کا کام  آج سے شروع ہوگا، جس کے باعث صارفین کو خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق مرمتی کام 20 اپریل تک جاری رہے گا اور اس دوران سروس مکمل طور پر بند نہیں ہوگی، تاہم صارفین کو عارضی سست روی کا تجربہ ہوسکتا ہے۔

پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ وہ تین بین الاقوامی زیرِ سمندر آپٹیکل فائبر کیبل نیٹ ورکس چلا رہی ہے، جو پاکستان کو عالمی انٹرنیٹ سے منسلک رکھتے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر چھ سب میرین کیبل سسٹمز فعال ہیں، جن میں دیگر نجی کمپنیوں کے نیٹ ورکس بھی شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ان تمام کیبل سسٹمز کی مجموعی گنجائش تقریباً 13 ٹیرا بٹ فی سیکنڈ ہے،

جبکہ پاکستان میں انٹرنیٹ کا موجودہ استعمال 7 سے 8 ٹیرا بٹ فی سیکنڈ کے درمیان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ متبادل راستوں کی دستیابی کے باعث مکمل بندش کا خدشہ کم ہے، تاہم صارفین کو عارضی طور پر سست رفتار انٹرنیٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،

خاص طور پر ویڈیو اسٹریمنگ اور آن لائن گیمنگ جیسی سروسز متاثر ہوسکتی ہیں۔