پنجاب میں سی ٹی ڈی کا بڑا کریک ڈاؤن، خودکش بمبار سمیت 16 دہشت گرد گرفتار
113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز خوشاب، میانوالی، راولپنڈی، جھنگ، بھکر، لاہور، فیصل آباد، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔
لاہور – کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران خودکش بمبار سمیت 16 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر 113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں خوشاب، میانوالی، راولپنڈی، جھنگ، بھکر، لاہور، فیصل آباد، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔
جھنگ سے ایک مبینہ خودکش بمبار کو خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ سرگودھا سے حساس اداروں پر حملوں میں ملوث ایک اور ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد پولیس چوکیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ان کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، فیوز وائر، کالعدم مواد اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ہزاروں کومبنگ آپریشنز کیے گئے اور درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔