پیک آورز میں روزانہ سوا2گھنٹے بجلی لوڈشیڈنگ کااعلان
طلب میں کمی لا کر بجلی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مزید کم کیا جا سکتا ہے، پاورڈویژن
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاور ڈویژن نے پیک آورز میں روزانہ سوا2گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کااعلان کر دیا۔
پاور ڈویژن کاکہنا ہے کہ مہنگے ایندھن پر انحصار سے بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے،شام 5سے رات 1بجے تک روزانہ سوا2گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔
پاور ڈویژن کا مزید کہناتھا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود بجلی 71پیسے سستی ہوئی ہے،لوڈمینجمنٹ کا مقصد بجلی کی قیمت میں تقریباً3روپے فی یونٹ ممکنہ اضافہ روکنا ہے،فرنس آئل کا استعمال محدود کرنے کے باوجود تقریباً1.5روپے فی یونٹ کے اضافے کیلئے تیار رہنا ہوگا،بروقت اقدامات نہ کئے جاتے تو قیمت میں 5سے6روپے فی یونٹ اضافہ ہو سکتا تھا۔
پاور ڈویژن کاکہناتھا کہ ڈسکوز کو بجلی بند کرنے کے اوقات کوصارفین سے شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،حکومت ہر وہ اقدام کرے گی جس سے عوام کو ریلیف ملے ،وفاقی اور صوبائی سطح پر کمرشل مارکیٹس کی بروقت بندش سے بجلی کی طلب کم کی جا سکتی ہے۔
پاور ڈویژن نے کہاکہ طلب میں کمی لا کر بجلی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مزید کم کیا جا سکتا ہے،جولائی تافروری بجلی صارفین کو 46ارب روپے کا ریلیف دیاگیا۔