اسلام آباد: بَری امام میں سی ڈی اے آپریشن کے دوران شدید ہنگامہ آرائی، 2 سرکاری گاڑیاں نذر آتش
مظاہرین کا پولیس اور انتظامیہ پر شدید پتھراؤ ، فائرنگ، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات
اسلام آباد کے علاقے بَری امام سے ملحقہ بستی نور پور شاہاں میں سی ڈی اے کے آپریشن کے دوران صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران مقامی آبادی کی جانب سے شدید مزاحمت دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں علاقہ میدانِ جنگ بن گیا۔
سی ڈی اے کی ٹیم بھاری نفری کے ہمراہ نور پور شاہاں میں غیر قانونی تعمیرات گرانے پہنچی تو مقامی مکین مشتعل ہو گئے اور آپریشن روکنے کے لیے احتجاج شروع کر دیا۔
مظاہرین نے پولیس اور انتظامیہ پر شدید پتھراؤ کیا، جس کے جواب میں پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور مبینہ طور پر سیدھی فائرنگ بھی کی گئی۔
اسلام آباد میں بری امام سے ملحقہ نور پور شاہاں میں سی ڈی اے کا آپریشن
مظاہرین کی سخت مزاحمت 2 گاڑیاں جلا دیں#Islamabad #NoorPurShahan #BariImam #CDAAperation #CDA #Protest #VehiclesBurned #IslamabadProtest pic.twitter.com/4FOnPUNANf— Daily Ummat (@ummatdigitalpk) April 14, 2026
کشیدگی اس وقت عروج پر پہنچ گئی جب مشتعل مظاہرین نے انتظامیہ کی دو سرکاری گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل دور دور سے دیکھے گئے جبکہ بھگدڑ مچنے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے بعد بَری امام اور گردونواح میں پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔ آپریشن فی الحال تعطل کا شکار ہے جبکہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ تاحال کسی جانی نقصان کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے، تاہم پتھراؤ اور شیلنگ سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔