پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ترکی میں 17 اپریل کو ہوگی

اجلاس میں شریک سینئر حکام نے پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ سے بھی مشترکہ ملاقات کی۔

               
April 14, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد:پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے 29 مارچ سنہ 2026 کے مشاورتی اجلاس کے تسلسل میں چاروں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام کا اجلاس منگل اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس اہم اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ و ترجمان سفیر طاہر اندرابی نے کی۔ جبکہ ترکی، مصر اور سعودی عرب کے وفود کی سربراہی بالترتیب ڈپٹی وزیرِ خارجہ موسیٰ کُلاکلیکایا، اسسٹنٹ وزیرِ خارجہ نزیہ النگاری اور ڈائریکٹر جنرل وزارتِ خارجہ شہزادہ ڈاکٹر عبداللہ بن خالد بن سعود الکبیر آل سعود نے کی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سینئر حکام کے اس اجلاس کی سفارشات چاروں برادر ممالک کے وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی جو 17 اپریل سنہ 2026 کو ترکی انطالیہ میں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر منعقد ہوگا۔

اجلاس میں شریک سینئر حکام نے پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ سے بھی مشترکہ ملاقات کی۔