جے یو آئی سربراہ سے امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کی ملاقات، ایران امریکہ مذاکرات پر تبادلہ خیال

ملک کے اندر زیرِ غور حالیہ اور مجوزہ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں اور ان کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن زیکری ہارکنرائیڈر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں جے یو آئی (ف) کے دیگر مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری ، سینیٹر کامران مرتضیٰ ، محمد اسلم غوری ،مولانا اسعد محمود ، مولانا اسجد محمود بھی موجود تھے ۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کو درپیش امن و امان کے چیلنجز اور بین الاقوامی سیاسی منظرنامے پر بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات اور اس کے خطے پر اثرات کے حوالے سے غور و خوض کیا۔ملاقات میں ملک کے اندر زیرِ غور حالیہ اور مجوزہ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں اور ان کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات سمیت دیگر اہم باہمی امور پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے سفارتی روابط اور اہم قومی و بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔