سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر مالی معاونت جلد ملنے کی امید ہے۔ وزیر خزانہ

دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون اور ڈپازٹس سے متعلق امور پر پیشرفت جاری ہے۔

               
April 15, 2026 · قومی

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت آئندہ ہفتے تک پاکستان کو موصول ہونے کا امکان ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون اور ڈپازٹس سے متعلق امور پر پیشرفت جاری ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ان کی سعودی وزیرِ خزانہ سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ جمعے کو اسلام آباد میں بھی اسی نوعیت کی ملاقات ہو چکی ہے، جس میں مالی تعاون سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وزیرِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ 3 ارب ڈالر کی اضافی سپورٹ ڈپازٹس کی صورت میں فراہم کی جائے گی، جو آئندہ ہفتے تک پاکستان کو مل سکتی ہے۔

وزیرِ خزانہ کے مطابق پاکستان نے گزشتہ ہفتے 1.4 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی ہیں اور حکومت تمام مالی ذمہ داریاں وقت پر پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ 5 ارب ڈالر کے موجودہ ڈپازٹس کو سالانہ رول اوور کے بجائے تین سال کی توسیع دینے پر بھی پیشرفت ہو رہی ہے، جس کے تحت ان کی مدت 2028 تک بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کی حکومت، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی وزیرِ خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مالی تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے۔