کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع

کہیں کہیں تیز بارش، آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات

               
April 15, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق کل رات سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور گرج چمک کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو جمعہ کی صبح تک جاری رہے گا۔ اس دوران کہیں کہیں تیز بارش، آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن میں مینگورہ، سوات، مالم جبہ اور دیر سمیت بالائی علاقوں میں نمایاں بارش اور درجہ حرارت میں واضح کمی متوقع ہے۔ ہزارہ ڈویژن کے ایبٹ آباد، نتھیاگلی اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور ڈویژن میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے پوٹھوہار ریجن اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے علاقوں ژوب، مسلم باغ اور بارکھان میں جمعرات کی رات سے جمعہ کی صبح تک ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر آندھی اور آسمانی بجلی کے دوران غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔